پاکستان تحریکِ انصاف میں اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیے پر اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، جہاں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی کے مرکزی انفارمیشن ونگ کے درمیان واضح فاصلے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی حال ہی میں تشکیل دی گئی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا میں ڈرون حملوں کی سخت مذمت کرنے پر زور دیا۔ تاہم پارٹی کے مرکزی انفارمیشن ونگ، جس کی نمائندگی شیخ وقاص اکرم اور دیگر ارکان کر رہے تھے، نے اس مؤقف کی مخالفت کی۔
اجلاس میں انفارمیشن ونگ کے ارکان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ اس مؤقف پر سنجیدگی سے یقین رکھتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ خود یا صوبائی حکومت کے پلیٹ فارم سے اس حوالے سے واضح بیان جاری کریں، بجائے اس کے کہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو آگے کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اگرچہ عوامی سطح پر اپنے مؤقف میں نرمی اختیار کر لی ہے، تاہم اندرونی طور پر وہ اب بھی چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ پارٹی کے دیگر نمائندے سامنے آ کر پیش کریں، کیونکہ وہ خود اس حوالے سے کھل کر بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
یہ صورتحال پی ٹی آئی کے اندر بیانیے اور حکمتِ عملی پر موجود اختلافات کو مزید نمایاں کر رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos