ایف آئی اے کی کارروائی،سمندری راستے سے ایران جانےوالے24 افراد گرفتار

کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمپوزٹ سرکل گوادر نے جیونی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور 24 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے، جن میں 12 افراد گوجرانوالہ، 3 راجن پور اور 2 مظفر گڑھ سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ دیگر ملزمان سرگودھا، قصور، گجرات، سیالکوٹ، ساہیوال، ملتان اور رحیم یار خان کے رہائشی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار افراد سمندری راستے سے ایران جا رہے تھے، جہاں سے وہ غیر قانونی طور پر دیگر ممالک جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ادارے کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔