تحریک تحفظ آئین پاکستان کی نواز شریف کو اتحاد میں شامل ہونے کی پیشکش

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو مشترکہ جدوجہد کی دعوت دے دی ہے۔

لاہور میں زمان پارک کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جس جی ٹی روڈ سے وہ لاہور پہنچے ہیں، اسی راستے سے ماضی میں نواز شریف بھی ریلی کی صورت میں آئے تھے اور ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ بلند کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف آگے آئیں اور ایک بار پھر اس نعرے کو مضبوط کریں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر تمام سیاسی قوتیں متحد ہو جائیں تو عمران خان کو رہائی مل سکتی ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے پولیس سے بھی اپیل کی کہ وہ آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ظلم کے خاتمے کے لیے میدان میں نکلی ہے اور وہ ہر اس جماعت اور ادارے کی مخالفت کریں گے جو آئین پاکستان کی بالادستی کو تسلیم نہیں کرتا۔

اپوزیشن رہنما نے کہا کہ ملک میں سرمایہ دار عدم تحفظ کا شکار ہو کر باہر جا رہا ہے جبکہ غریب طبقہ شدید مشکلات میں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، جس کے بعد ہی مذاکرات کا آغاز ممکن ہوگا اور مذاکرات بھی آئین کی بالادستی کی بنیاد پر ہوں گے۔

محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں عوام ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوں، تاکہ جو قانون کے مطابق کامیاب ہو وہی حکومت کرے۔

پریس کانفرنس سے قبل محمود خان اچکزئی، سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس اور دیگر اپوزیشن رہنما پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ زمان پارک پہنچے، تاہم ان کے قافلے کو مختلف مقامات پر روکا گیا۔ اپوزیشن نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔