بلوچستان میں عام آدمی کے لیے الیکٹرک بائیکس اسکیم کا اعلان

کوئٹہ: بلوچستان کابینہ نے صوبے میں الیکٹرک بائیکس اسکیم عام عوام کے لیے متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلباء، ورکنگ ویمن اور سرکاری ملازمین کو 30 فیصد سبسڈی کے ساتھ بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ عام شہری بھی آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس حاصل کر سکیں گے۔ اسکیم بینک فنانسنگ کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں تقریباً 2.5 لاکھ سرکاری ملازمین کے علاج معالجے پر سالانہ 6 سے 7 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں، جس کے پیش نظر سرکاری ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس اسکیم متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ پروگرام کو گوادر، کیچ اور آواران تک توسیع دینے کی منظوری دی گئی اور میرٹ پر تعیناتیوں کے اصول کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عام آدمی کے ٹیکس سے حاصل ہونے والے وسائل عوام کی امانت ہیں، اور وسائل کا زیادہ حصہ مخصوص طبقے پر خرچ کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک بائیکس اسکیم اور ہیلتھ انشورنس منصوبے سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور نوجوانوں کو معاشی استحکام کے مواقع ملیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔