دسمبر 2025 میں پاکستان کو 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق دسمبر 2025 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کو 3.59 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ترسیلات زر میں سال بہ سال بنیاد پر تقریباً 16.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نومبر 2025 کے مقابلے میں ماہانہ بنیاد پر ترسیلات میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔

مالی سال 26 کے پہلے چھ ماہ (1HFY26) کے دوران مجموعی ترسیلات زر 19.7 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 17.8 ارب ڈالر تھیں، یوں 11 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق ترسیلات زر میں اضافے کی بڑی وجوہات میں بیرون ملک افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی تعداد، رسمی اور غیر رسمی ایکسچینج ریٹ میں کم فرق اور حکومتی ترغیبی اسکیموں کا تسلسل شامل ہے۔ ادارے نے مالی سال 26 کے لیے ترسیلات زر کا ہدف 41 ارب ڈالر برقرار رکھا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں سے 813 ملین ڈالر بھیجے گئے۔ متحدہ عرب امارات سے ترسیلات 726 ملین ڈالر رہیں، جبکہ برطانیہ سے 560 ملین ڈالر موصول ہوئے۔

امریکہ سے دسمبر میں 302 ملین ڈالر کی ترسیلات آئیں، جبکہ یورپی یونین کے ممالک سے مجموعی طور پر 499 ملین ڈالر موصول ہوئے، جس میں سالانہ بنیاد پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر پاکستان کے بیرونی کھاتے کو سہارا دینے، معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور ترسیلات پر انحصار کرنے والے گھرانوں کی آمدن بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ حکومت اور اسٹیٹ بینک رسمی ذرائع کے ذریعے ترسیلات زر کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔