خیبر پختونخوا،سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیاں،11 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 جنوری 2026 کو شمالی وزیرستان اور ضلع کرم میں کارروائیاں کی گئیں، جن کا ہدف کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر تھے جو غیر ملکی حمایت سے دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

دوسری کارروائی ضلع کرم میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران عمل میں آئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ قومی ایکشن پلان اور انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملی کے تحت ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔