وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جرائم کی مختلف وارداتوں کے دوران شہری لٹتے رہے، جہاں ایک ہی روز میں ڈکیتی اور راہزنی کے کم از کم پانچ واقعات رپورٹ ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سیکٹر جی سیون میں نامعلوم افراد ایک رہائشی مکان میں داخل ہوئے اور وہاں سے تقریباً 8 تولہ سونا اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بچوں کے اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں ملوث ایک سب انسپکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا تھا۔
اسی دوران تھانہ سنبل کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار شہری سے موبائل فون چھین لیا گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مزید برآں تھانہ کھنہ اور بلیو ایریا کے مختلف مقامات سے شہریوں کی متعدد موٹرسائیکلیں چوری ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعات میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ جرائم پر قابو پانے کے لیے گشت اور نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos