لاہور میں سرد موسم کی شدت میں اضافے کے پیش نظر پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تعلیمی ذرائع کے مطابق صوبے کے اسکولوں میں چھٹیاں ایک ہفتے کے لیے بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب نے آج سہ پہر 3 بجے ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹس کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ شدید سردی کے باعث والدین کی جانب سے بھی چھٹیوں میں اضافے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس موقع پر کہا کہ طلبہ کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ والدین کی درخواست اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹیوں میں ایک ہفتے کی توسیع پر غور کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمِ سرما کی تعطیلات میں اضافے یا عدم اضافے سے متعلق حتمی اعلان آج اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos