وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر شہری کو بہترین طبی سہولیات اس کی دہلیز پر فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے تحت انہوں نے پنجاب کے ہر ضلع میں جدید کارڈیک کیتھ لیبز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کی ہدایت پر جھنگ، میانوالی اور اوکاڑہ میں کیتھ لیبز جلد فعال کر دی جائیں گی، جبکہ فیز ٹو کے تحت بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔
ضلعی سطح پر قائم کی جانے والی کیتھ لیبز میں انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور پرائمری پی سی آئی کی سہولت دستیاب ہوگی۔ کیتھ لیب کے قیام سے مریضوں کو 60 سے 90 منٹ کے اندر ہسپتال پہنچنے پر دل کے مریض کی جان بچانا ممکن ہو سکے گا۔
مریم نواز شریف نے ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ اور کارڈیک ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا کہ کیتھ لیبز میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کے لیے خصوصی پے پیکیج بھی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید کیتھ لیبز میں عالمی معیار کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے امراض قلب کی پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہوگا اور بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو معیاری اور جدید علاج اس کی دہلیز پر فراہم کرنے کا وعدہ ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos