چاروں نوجوانوں کی نمازِ جنازہ جمرود ٹی ڈی بازار گراؤنڈ میں ادا کی گئی، فوٹو امت
چاروں نوجوانوں کی نمازِ جنازہ جمرود ٹی ڈی بازار گراؤنڈ میں ادا کی گئی، فوٹو امت

جمرود: المناک ٹریفک حادثے میں 4 نوجوان جاں بحق ، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا

رپورٹ: محراب شاہ آفریدی

خیبر :جمرود میں المناک ٹریفک حادثے میں 4 نوجوان جاں بحق، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔

خیبر کے علاقے جمرود بازار میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4 نوجوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ واقعہ جمرود بازار میں موٹر کار اور ٹرک کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، جس میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں داود، ضرار، سہیل اور منصور شامل ہیں۔ تمام جاں بحق نوجوان ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور آپس میں چچازاد بھائی تھے، جبکہ سہیل اور منصور سگے بھائی تھے۔

حادثے میں زخمی ہونے والا نعمان نامی نوجوان اس وقت اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں زیر علاج ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

چاروں نوجوانوں کی نمازِ جنازہ جمرود ٹی ڈی بازار گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر فضا سوگوار رہی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ بعد ازاں مرحومین کو آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔