وادی تیراہ کے بارے میں سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم ہوگیا۔سیکیورٹی ذرائع نے اسے چند فسادیوں اور دہشت گردوں کے ہمدرد وں کی کارستانی قراردے دیا۔
ذرائع کا کہناہے کہ وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے معصوم قبائلی عوام کی حالتِ زار کے نام پر من گھڑت کہانیاں پھیلائی جا رہی ہیں، تاکہ حقائق کو مسخ کر کے ریاستی کارروائی کو متنازع بنایا جا سکے۔ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے لیے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ان خاندانوں کو نہ صرف محفوظ اور باعزت عارضی رہائش گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ ماہانہ گزر بسر کے اخراجات کے لیے ہر خاندان کو باقاعدہ مالی امداد بھی دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہناہے کہ نقل مکانی کے نتیجے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے4 ارب پاکستانی روپے مختص کیے جا چکے ہیں، تاکہ متاثرہ خاندانوں کی امداد، بحالی اور ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کیا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ بات بھی ریکارڈ پر ہے کہ وادی تیراہ میں آپریشن کے لیے خود قبائلی عمائدین نے فوج سے رابطہ کیا، اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ معصوم آبادی کو نقصان سے بچانے کے لیے وہ رضاکارانہ طور پر نقل مکانی کرنے کو تیار ہیں۔ متعلقہ اداروں نے بھی واضح یقین دہانی کرائی کہ نقل مکانی کرنے والوں کو رہائش اور اخراجات کے ساتھ ساتھ، اگر آپریشن کے دوران کسی گھر یا عمارت کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کا مناسب اور منصفانہ معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی کارروائیاں بدستور انٹیلی جنس بیسڈ رہیں گی اور کسی قسم کا بڑے پیمانے پر آپریشن زیرِ غور نہیں، تاکہ عام آبادی کی زندگی کم سے کم متاثر ہو اور صرف دہشت گرد عناصر کو ہدف بنایا جا سکے۔ وادی میں تمام انتظامی و فلاحی اقدامات کی قیادت ضلعی انتظامیہ کے پاس ہے، مقامی قبائلی عمائدین نے متفقہ طور پر اپنے علاقے سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ قبائلی عمائدین اور مقامی آبادی کی واضح رضامندی کے بعد ہی نقل مکانی کا عمل شروع ہوا۔ اس کے باوجود چند شرپسند عناصر جان بوجھ کر جھوٹ پھیلا رہے ہیں، صرف اس لیے کہ کسی نہ کسی طرح دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائی کو روکا جا سکے۔ عوام کو گمراہ کرنے والوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ جھوٹ، ریاستی عزم اور قبائلی عوام کے فیصلے کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکتا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos