پاکستان میں 5جی کن شہروں میں چلے گا؟

 پاکستان میں طویل عرصے سے زیرِ بحث 5جی سروس کے آغاز کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق 5جی اسپیکٹرم آکشن سے متعلق تمام بنیادی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور امکان ہے کہ رمضان سے قبل آکشن کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسپیکٹرم آکشن کا مکمل فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ 5جی نیٹ ورک کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اسے مرحلہ وار وسعت دی جا سکے۔ صارفین کو بہتر سروس فراہم کرنے کے لیے کوالٹی آف سروس کے کم از کم معیارات بھی واضح طور پر مقرر کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسپیکٹرم آکشن ہوگا، جس میں تقریباً 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس آکشن کے نتیجے میں حکومت کو کم از کم 630 ملین ڈالرز کی آمدن متوقع ہے، جو ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی۔

آکشن کے بعد موبائل آپریٹرز کو 15 سال کے لیے ٹیکنالوجی نیوٹرل لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ 5جی سروس کا آغاز مرحلہ وار کیا جائے گا، جس کے پہلے مرحلے میں کم از کم 50 ایم بی پی ایس ڈاؤن لوڈ اسپیڈ کی شرط عائد ہوگی۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر 5جی سروس محدود پیمانے پر متعارف کرائی جائے گی، جیسا کہ عالمی سطح پر رائج طریقہ کار ہے۔ پہلے مرحلے میں بڑے شہروں اور ان علاقوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں 5جی ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد زیادہ ہے۔

ابتدائی رول آؤٹ میں اسلام آباد کے بلیو ایریا اور ایف ٹین، کراچی کے ڈیفنس اور کلفٹن، جبکہ لاہور سمیت دیگر صوبائی دارالحکومتوں کے اہم تجارتی مراکز کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔