لاہور کے علاقے اٹاری دربار کے قریب گھر میں گیس لیکج کے سبب دھماکا ہو گیا، جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی، اور زخمیوں کو فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کا سبب ہیٹر جلانا بتایا گیا ہے۔
اسی دوران، پاکپتن کے علاقے چک شفیع میں سلنڈر ری فلنگ کے دوران دھماکا ہوا، جس سے دکان کی چھت اڑ گئی اور بجلی کے تار بھی ٹوٹ گئے۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کر کے آگ پر قابو پایا۔
یہ واقعے ایک روز قبل اسلام آباد میں ہونے والے گیس لیکج دھماکے کی یاد تازہ کر گئے، جس میں دولہا دلہن سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ماہرین کے مطابق، گیس سلنڈرز اور لیکج سے ہونے والے دھماکے پنجاب میں گزشتہ تین سال کے دوران 488 بار رپورٹ ہوئے، جن میں 25 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ تاہم، متعلقہ اداروں کی غفلت اور حفاظتی اقدامات میں کوتاہی کی وجہ سے غیر محفوظ سلنڈرز اور ری فلنگ کے واقعات آج بھی جاری ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos