اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس سلنڈر کے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں اور لواحقین کے ہمراہ لاشیں تدفین کے لیے ایچ ایٹ قبرستان منتقل کر دی گئیں۔
حادثے میں دولہا، دلہن، والدہ، تائی، خالو اور بھابھی سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ملحقہ گھر میں رہائش پذیر دو افراد بھی جاں بحق ہوئے۔ اس افسوسناک واقعے میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔
انتظامیہ کے مطابق دو مزید افراد کی تدفین آج صبح کی جائے گی، جبکہ زخمیوں کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔ پمز میں زیر علاج بیشتر مریضوں میں سے 9 کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے، جبکہ دو خواتین میں سے ایک کی سرجری جاری ہے اور دوسری کا سکین لیا جا رہا ہے۔ سی ڈی اے اسپتال میں 27 سالہ شمشاد زیر علاج ہے۔
حادثہ کل صبح 7 بج کر 19 منٹ پر پیش آیا، اور اداروں کو اطلاع 7 بج کر 24 منٹ پر موصول ہوئی۔
چھ افراد کی رات کو تدفین کی گئی، جبکہ باقی دو کی آج آخری رسومات ہوں گی۔ پانچ افراد کو اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں اور ایک کو راولپنڈی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos