راولپنڈی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دایگل اور گورکھپور ناکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن مقرر ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ملاقات کے لیے سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر سمیت چھ رہنماؤں کی فہرست پہلے ہی جیل حکام کو ارسال کی جا چکی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بھی آج ملاقات متوقع ہے۔
دوسری جانب 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں علیمہ خانم سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد کے مقدمے کی سماعت آج ہوگی۔
مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق 11 میں سے آٹھ ملزمان کے خلاف استغاثہ کے 18 گواہان پر دونوں جانب سے جرح مکمل ہو چکی ہے۔ علیمہ خانم اور شریک ملزم عاطف ریاض کے وکلا آج عدالت میں پیش ہوں گے۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر وکلا کی عدم حاضری پر سخت وارننگ جاری کی تھی اور واضح کیا تھا کہ آج ہر صورت میں جرح مکمل کی جائے، بصورت دیگر سرکاری وکیل مقرر کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی سربراہی میں پراسیکیوشن ٹیم بھی عدالت میں موجود ہوگی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos