طورخم: پاکستان کسٹمز نے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، 21 ہزار سے زائد کارتوس برآمد کر لیے۔
ایف بی آر کے مطابق پاکستان کسٹمز نے طورخم بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 21 ہزار سے زائد کارتوس برآمد کیے گئے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق یہ مشکوک کھیپ کسٹمز اسٹیشن طورخم پر کارگو کی معمول کی جانچ پڑتال کے دوران سامنے آئی۔ بظاہر خالی گاڑی کو مزید تفصیلی اسکیننگ کے لیے این ایل سی امپورٹ ٹرمینل منتقل کیا گیا، جہاں اسکین شدہ تصاویر میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔
حکام کے مطابق گاڑی کی مکمل تلاشی لینے پر غیر قانونی اسلحہ اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد ہوئے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ قانون کے مطابق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز حکام قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر تمام ممکنہ پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف بی آر اسمگلنگ اور بدعنوانی کے خاتمے اور قومی محصولات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں پوری قوت سے جاری رکھے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos