بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے ’’تاریخ سے بدلہ لینے‘‘ سے متعلق بیان کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے ریمارکس سے متعلق رپورٹس دیکھی گئی ہیں، تاہم اس نوعیت کی زبان حیران کن نہیں۔

ترجمان کے مطابق ایسے بیانات نفرت پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، جہاں فرضی تاریخی دشمنیوں کو ذمہ دارانہ سفارت کاری کا متبادل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھاتی ہے بلکہ امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے نفرت انگیز بیانات اور ماضی کے مبینہ حساب چکانے کی سوچ علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچاتی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسلسل سخت اور جارحانہ بیانات دیے جا رہے ہیں، جنہیں مبصرین جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے جوڑ رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔