اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے غیرقانونی انڈور شیشہ کیفوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے سِوک سینٹر، سوہان میں قائم تین کیفے سیل کر دیے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی اسسٹنٹ کمشنر نِلورہ فہد شبیر چیمہ کی نگرانی میں کی گئی، جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف کیفوں کا معائنہ کیا اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو فوری طور پر بند کر دیا۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ انڈور شیشہ کیفے قانوناً ممنوع ہیں اور تمام کیفے مالکان کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ قوانین کی مکمل پابندی کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں مستقل بندش بھی شامل ہو سکتی ہے۔
علاقے کے رہائشیوں نے انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں تاکہ غیرقانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ہو سکے۔
ماہرین صحت کے مطابق شیشہ سگریٹ کا محفوظ متبادل نہیں ہے، کیونکہ ایک ہی سیشن کے دوران صارفین کو کاربن مونو آکسائیڈ اور دیگر مضر کیمیکلز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ مشترکہ نلکے انفیکشن کے خطرات میں اضافہ کرتے ہیں۔
ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ نوجوانوں میں ویپنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے، جسے کم نقصان دہ سمجھا جاتا ہے، تاہم اس میں بھی نکوٹین اور دیگر نشہ آور اجزا شامل ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق قانون کے نفاذ کے ساتھ ساتھ آگاہی مہمات چلانا بھی ناگزیر ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos