پشاور: قومی پیغام امن کمیٹی کے وفد نے مولانا طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں گورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔
وفد میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام شامل تھے، جن میں مفتی عبدالرحیم، علامہ عارف حسین واحدی، پیر نقیب الرحمن، علامہ محمد حسین اکبر، علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری، مولانا زبیر فہیم، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، مفتی محمد یوسف خان، علامہ ڈاکٹر محمد آصف اکبر قادری، مولانا محمد عادل عطاری، مولانا محمد توقیر عباس اور مولانا زاہد منصور شامل تھے۔
ملاقات میں وفد نے صوبے میں امن و استحکام کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور کردار کی یقین دہانی کرائی۔ علمائے کرام نے کہا کہ دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف تمام مکاتبِ فکر متحد ہیں اور ریاست، عوام و مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بے گناہ شہریوں، پولیس اور فوج پر حملہ کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
علما کرام نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کیخلاف بہت قربانیاں دی ہیں، آج پھر صوبہ کو فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے اتحاد امت کی ضرورت ہے
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علما اور عوام کی حمایت سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کا کردار صوبے میں امن، برداشت اور رواداری کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
گورنر نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ایسے میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ’’پیغامِ پاکستان‘‘ کے فہم اور عمل سے دشمن ہماری صفوں میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمیں اپنی معاشرتی اقدار کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے متحد رہنا ہوگا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کہاکہ ہمارے علمائے کرام و مذہی شخصیات معاشرے میں انتہائی باوقار مقام رکھتے ہیں، موجودہ حالات میں علاقائی، لسانی، فرقہ ورانہ، نفرت کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ ہمیں اپنی معاشرتی اقدار کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا، متحد ہو کر اور جذبات پر قابو رکھتے ہوئے برداشت کیساتھ آگے چلنا ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos