ویزا پراسیسنگ بحال کرانے کے لیے امریکہ سے رابطے میں ہیں، پاکستان
پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا جلد ہی امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ بحال کر دے گا،
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہاہے کہ پاکستان نے امریکا کی جانب سے امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ معطل کرنے سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں۔ ان کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر بیان کے ذریعے بتایا ہے کہ امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ کے نظام کا اندرونی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا مزید کہناتھا کہ امریکی ویزوں پر پابندیوں سے متعلق رپورٹس پر نظر رکھی جا رہی ہے اور اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا اپنی ویزا پالیسی پر نظر ثانی کر رہا ہے اور امید ہے کہ جلد پاکستان کے لیے ویزے بحال کیے جائیں گے۔ امیگریشن پالیسیوں کے حوالے سے بھی پاکستان یو ایس اتھارٹی کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔پاکستان ایران کے امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے اور امید ہے کہ ایران جلد اپنے بحران پر قابو پا لے گا۔