وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی، چوہدری سالک حسین نے بلوچستان کے دور دراز اور کان کنی کے اہم علاقوں پشین، دالبندین، نوکنڈی، چمالانگ اور مسلم باغ میں قائم پانچ جدید، مکمل سہولیات سے آراستہ 25،25 بستروں پر مشتمل ورکرز ہسپتالوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی پشین، لیبر ایڈوائزر بلوچستان سردار غلام رسول عمرانی،صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، وفاقی سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری، سیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد، محکمہ صحت بلوچستان کے اعلیٰ حکام، ورکرز ویلفیئر فنڈ بلوچستان کے افسران، محنت کشوں کے تنظیمی عہدیداران اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ“آج میں یہاں صرف ایک وفاقی وزیر نہیں بلکہ ایک ایسے پاکستانی کی حیثیت سے موجود ہوں جو کان کن مزدور کے پسینے، قربانی اور محنت کو سلام پیش کرتا ہے۔ یہ ہسپتال عمارتیں نہیں بلکہ ریاستِ پاکستان کا اپنے محنت کشوں سے کیا گیا ایک وعدہ ہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ یہ ہسپتال بین الاقوامی محنت کشوں کی تنظیم (ILO) کی ہدایات کی روشنی میں تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ صنعتی و کان کن محنت کشوں کو محفوظ اور باعزت مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ ہسپتال 2018 میں تعمیر تو ہو چکے تھے مگر آلات کی کمی اور ایم او یوز نہ ہونے کے باعث غیر فعال رہے، تاہم وفاقی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی اور حکومتِ بلوچستان کی مشترکہ کاوشوں سے اب انہیں مکمل طور پر فعال کر کے محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ یہ ہسپتال صرف ورکرز اور ان کے اہل خانہ تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ بلوچستان کے عام عوام بھی بلا امتیاز اور بلا معاوضہ ان طبی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ
“بلوچستان کے ورکرز ہماری اولین ترجیح ہیں۔ ان کی صحت، تحفظ، عزت اور فلاح کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔”
تقریب میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی مزدور دوست پالیسیوں اور وژن سے ایسے فلاحی منصوبے عملی صورت اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امن و استحکام ہی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی بنیاد بنتا ہے۔
وفاقی وزیر نے حکومت بلوچستان، محکمہ صحت، ورکرز ویلفیئر فنڈ اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال آنے والے برسوں میں ہزاروں قیمتی جانیں بچانے اور ایک صحت مند، خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے
اس موقع پر لیبر ایڈوائزر بلوچستان سردار غلام رسول عمرانی نے بھی خطاب کیا اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ،وفاقی سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری اور سیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔
سیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذولفقار احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی راہنمائی میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود کا یہ سفر بلا تعطل جاری رہے گا اور انہی کے وژن کے مطابق ان ہسپتالوں کو آپریشنل کیا گیا ہے۔
قبل ازیں محکمہ صحت بلوچستان اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے درمیان ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos