اسلام آباد میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے، جس کے ذریعے ملک میں اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قیامِ پاکستان میں علما کرام اور اقلیتی برادری نے بھرپور کردار ادا کیا اور آزادی کے وقت لاکھوں افراد نے عظیم قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام اس مقصد کے تحت عمل میں آیا کہ بلا امتیاز تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور اللہ تعالیٰ نے ملک کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، جن کی مالیت کھربوں ڈالرز میں ہے۔ ان وسائل کو بروئے کار لا کر غربت، بے روزگاری اور قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے، جو مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں ایک معرکہ پیش آیا جس میں افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق کے دوران بھارت کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنی جرات، اعلیٰ تربیت اور بہترین حکمتِ عملی سے کامیابی حاصل کی، جبکہ اس معرکے کی قیادت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی کی صورت میں درپیش ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں اور چاروں صوبوں کے شہداء نے اپنے خون سے اس سرزمین کی آبیاری کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف خود قربانیاں دیں بلکہ دنیا کو دہشتگردی سے محفوظ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا، جس پر عالمی برادری کو پاکستان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے اور اس حوالے سے تمام شواہد حکومت کے پاس ہیں۔ ان کے مطابق دہشتگرد تنظیموں کو دشمن عناصر کی جانب سے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، تاہم ماضی کی طرح آج بھی دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کو پاکستان کی سرزمین پر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور انہیں سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک کو جتنا اتحاد اور یکجہتی درکار ہے، اس کی پہلے کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی۔ پیچیدہ قومی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھتا رہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos