اسٹریٹ موومنٹ میں انتشارپھیلانے کاکوئی سوچے بھی نہیں،26 نومبر سے سخت ایکشن ہوگا،طلال

 

حکومت نےا سٹریٹ موومنٹ کے نام پر انتشارپھیلانے کی صورت میں تحریک انصاف کو انتباہ دیاہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے انتشار پھیلایا تو 26 نومبر سے بھی زیادہ سخت کارروائی ہو گی۔ طلال چوہدری نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں پی ٹی آئی کی 8 فروری کے لیے اسٹریٹ موومنٹ کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی نے نظام زندگی مفلوج کرنے، جلاؤ گھیراؤ یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو 26 نومبر سے بھی زیادہ سخت ایکشن کا سامنا کرنا پڑے گا۔کوئی یہ سوچے بھی نا کہ وہ ایسا کر سکتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہاکہ قانون کے مطابق آتے ہیں تو 100 مرتبہ احتجاج کریں۔ادھر وزیراعظم کے سیاسی مشیر راناثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8فروری کی کال واپس نہیں لیتی تو انتظامی طور پر دیکھیں گے۔نجی ٹی وی پر گفتگومیں ان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کی تیاریوں سے لگتا ہے کہ وہ 8فروری کی کال واپس نہیں لیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے بانی کی ہدایت پر 8 فروری سے ملک میں سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

یادرہے کہ پی ٹی آئی کےحامیوں نے نومبر 2024 میں اسلام آباد کی طرف مارچ کیا تھا ،اس دوران ڈی چوک اور اس کے ارد گرد پولیس کے ساتھ ان کا تصادم ہوا۔ پی ٹی آئی نے الزام لگایا تھا کہ 26 نومبر 2024 کو پولیس کی فائرنگ سے اس کے کئی کارکن جان سے گئے ، حکومت نے مظاہرین پر پولیس اہلکاروں کی جانیں لینے کا الزام عائد کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔