پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے پیشِ نظر موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ دھند کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو چکی ہے۔ موٹروے ایم ون (M-1) پشاور سے رشکئی تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم ٹو (M-2) ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری انٹرچینج تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ موٹروے ایم تھری (M-3) فیض پور سے جڑانوالہ تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم فور (M-4) پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک شدید دھند کی لپیٹ میں ہونے کے باعث ٹریفک معطل ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم الیون (M-11) لاہور سے سمبڑیال تک بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم فورٹین (M-14) داؤد خیل سے عیسیٰ خیل تک ٹریفک کے لیے دستیاب نہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos