بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

January 17, 2026 · قومی

 

پاکستان میں بجلی صارفین پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے کیونکہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ایک ماہ کے لیے بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر 29 جنوری کو سماعت کرے گا۔

درخواست میں بتایا گیا کہ دسمبر کے مہینے میں 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ ڈسکوز کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ سی پی پی اے کے مطابق دسمبر میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 9 روپے 62 پیسے رہی۔

پیداواری ذرائع کے لحاظ سے دسمبر میں ہائیڈل ذرائع سے 18.07 فیصد، مقامی کوئلے سے 13.99 فیصد، درآمدی کوئلے سے 10.13 فیصد، قدرتی گیس سے 11.20 فیصد، درآمدی گیس سے 17.24 فیصد اور نیوکلیئر ذرائع سے 25.05 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

نیپرا کی جانب سے درخواست کی منظوری کی صورت میں بجلی صارفین کو ایک ماہ کے لیے اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔