سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ گل پلازہ میں خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق , 15 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے کی وجہ سے 3 افراد جاں بحق اور15 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
فائر بریگیڈحکام کا کہنا ہے کہ 8 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل اور ایک واٹر باوزر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، آگ نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور پر مشتمل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاپنگ پلازے میں ایک ہزار سے زیادہ دکانیں موجود ہیں، اور اندر موجود لوگوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
آتشزدگی کا واقعہ گل پلازہ میں پیش آیاہے۔ یہ پلازہ ایم اے جناح روڈ پرہے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 8 فائر ٹینڈرز موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔حکام فائر بریگیڈکے مطابق ،آگ پلانے کے میزنائن فلورپر لگی ہے۔
آتشزدگی کے حوالے سے سامنے آنے والی وڈیوزمیں آگ بھڑکنے کے خوف ناک مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔شعلوں کے درمیان دھویں کے گہرے بادل نکلتے نظر آرہے ہیں۔
آگ لگنے کے سبب ایم اے جناح روڈ کے اطراف کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں اور تبت چوک سے گارڈن چوک تک، جبکہ انکل سریا چوک سے سینٹرل پلازہ تک ماسٹن روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک کی روانی کے لیے راستوں میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت تبت چوک سے گاڑیاں جوبلی کی طرف موڑ دی گئی ہیں، جبکہ انکل سریا چوک سے ٹریفک ٹینکر چورنگی اور گارڈن چوک کی جانب منتقل کی گئی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ گل پلازہ کے قریب دکانوں میں آتشزدگی کی اطلاع ملی ہے اور سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان واٹر بورڈ نے بیان میں بتایا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی ہے اور سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوع پر روانہ کردیے گئے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔
ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos