کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو واقعے کی فوری انکوائری کرانےکی ہدایت جاری کرتے ہوئے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنےکا حکم دیا۔
انہوں نےآگ کےباعث ہونےوالےجانی نقصان پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نےہدایت دی کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو یہ بھی ہدایت کی کہ گل پلازہ میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی مکمل جانچ کی جائے اوریہ دیکھا جائےکہ آیا فائرسیفٹی قوانین پرعملدرآمد کیا جا رہا تھا یا نہیں، اگر تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید حکم دیا کہ کراچی کی تمام کمرشل عمارتوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ کرایا جائے اور فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
گل پلازہ آتشزدگی میں کوتاہی سامنے آئی تو سخت کارروائی ہوگی: شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں لگی آگ میں کوتاہی سامنے آئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے فوری طور پر گل پلازہ میں آگ کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری مشینری رات سے آگ بھجانے میں مصروف ہے، آگ لگنے سے کتنا نقصان ہوا اس کا تخمینہ آگ بھجانے کے بعد ہی لگایا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے۔ آگ کے باعث 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ہوگا ، ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید
کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ گل پلازا کی آگ بجھانا اولین ترجیح ہے 40 فیصد آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ عمارت میں شدید تپش کے باعث فائر فائٹرز کو اندر جانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، فائر فائٹرز جاں فشانی سے کام میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمارت میں کیمیکل اور پرفیوم شاپس بھی موجود ہیں جو ریسکیو میں رکاوٹ بن رہی ہیں، آگ بجھانے کے لیے پانی اور فوم کا استعمال جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos