کراچی: سیلانی ویلفیئر نے گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں متاثر ہونے والے تمام 900 دکانداروں اور ان کے ملازمین کو فوری طور پر راشن دینے اور ان کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی پر سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے سیلانی ویلفئیر انٹرنیشنل ٹرسٹ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت جبکہ زخمیوں کے لیے دعائے صحت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا بشیر فاروق نے اعلان کیا کہ دکھ اور نقصان کی اس گھڑی میں سیلانی متاثرہ دکانداروں۔ ملازمین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ کوئی انسان تکلیف میں ہو تو اس کا سہارا بنا جائے۔ اس لیے سیلانی نے فیصلہ کیا ہے کہ آگ سے جلنے والی تمام تقریبا ” 900 دکانوں میں کام کرنے والے تمام ملازمین کے تمام بچوں کے تعلیمی اخراجات سیلانی اٹھائے گا اور فوری طور پر متاثرہ ملازمین کو راشن مہیا کیا جائے گا۔
مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ انتظامیہ کو آگ بجھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لینا چاہیئے تاکہ خدانخواستہ مستقبل میں کبھی اتنے بڑے پیمانے پر نقصان نہ ہو۔ دنیا میں آگ لگنے کے واقعات پر جدید فائر فائٹنگ سسٹم کام کرتا ہے۔ پاکستان کو بھی اس نظام کی طرف جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیلانی نے تقریبا ” 17 سال پہلے ایم اے جناح روڈ پر آتشزدگی کے واقعے کے متاثرین کی بھرپور مدد کی تھی۔ اسی طرح دو سال پہلے عرشی شاپنگ سینٹر میں بھی دکانداروں کی مدد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کے متاثرین کی مدد کے لیے ہم متعلقہ اداروں سے بھی بات کریں گے اور ہر سطح پر جائیں گے۔ وزیراعظم سے بھی بات کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos