لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی بیٹی کی جانب سے والدہ سے ملاقات کی اجازت کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔
رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ یہ درخواست لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں دائر ہونی چاہیے تھی۔ تاہم، اعتراض کے باوجود جسٹس فاروق حیدر مبشرہ مانیکا کی درخواست کو آج بطور اعتراض سماعت کے لیے پیش کریں گے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جیل قوانین کے مطابق انہیں اپنی والدہ سے ملاقات کا مکمل قانونی حق حاصل ہے، جبکہ جیل شیڈول کے تحت ہر منگل قیدیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے مقرر ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو والدہ سے ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔ درخواست گزار کے مطابق بشریٰ بی بی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور مبشرہ خاور ان کی حقیقی بیٹی ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ متعدد بار درخواست دینے کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے، جس کے باعث درخواست گزار کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos