کچے میں سندھ و پنجاب پولیس کا گرینڈ آپریشن،44 ڈاکو سرنڈر

صادق آباد: کچے کے علاقے میں سندھ اور پنجاب پولیس کے مشترکہ گرینڈ آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق کچے کے مختلف مقامات پر کارروائی کے دوران 44 خطرناک ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال کر خود کو سرنڈر کر دیا ہے۔ سرنڈر کرنے والے ڈاکو اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور پولیس پر حملوں سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ اس کے علاوہ 40 سے زائد ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق کچے کے علاقوں میں ڈرون سرویلنس، تھرمل کیمرے، لانگ رینج اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے کارروائیاں جاری ہیں۔ آپریشن کے دوران ماچھکہ میں کوش گینگ، سکھانی گینگ اور لونڈ گینگ، جبکہ رونتی کے علاقے میں شر گینگ اور اندھڑ گینگ کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ سرنڈر ہونے والے ملزمان کو سنگین نوعیت کے مقدمات میں عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور کچے کے علاقے میں پائیدار امن قائم ہونے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔