اسلام آباد: سپریم کورٹ میں وکلا کی مسلسل غیر حاضری پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار ہارون الرشید کو طلب کر لیا۔ عدالت میں وکلا کی عدم پیشی اور ویڈیو لنک کی سہولت کے باوجود کیسز ملتوی کرنے کی درخواستوں پر بھی چیف جسٹس نے تشویش کا اظہار کیا۔
سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا کیسز کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں تو دائر کرتے ہیں، مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتے، حالانکہ ویڈیو لنک کی سہولت موجود ہے۔
جسٹس شاہد بلال نے بتایا کہ وکلا کی جانب سے کیسز ملتوی کرنے کی درخواستیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بار کے ذریعے وکلا کو عدالت میں حاضر رہنے کے لیے پابند کیا جائے۔
صدر سپریم کورٹ بار ہارون الرشید نے کہا کہ غیر حاضر وکلا پر جرمانہ عائد کیا جانا چاہیے، تاہم چیف جسٹس نے سختی سے کہا کہ پہلی دفعہ جرمانہ نہیں لگایا جائے گا، لیکن وکلا کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے پابند بنانا ضروری ہے تاکہ عدالتی نظام متاثر نہ ہو۔
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ وکلا کی غیر حاضری سماعت اور عدالتی کارروائیوں کو متاثر کر رہی ہے، اس لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos