وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سولر پینلز کے معاملے پر پاکستان کے خلاف بھارتی اور افغان سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پاکستانی فوج بلوچستان میں کسانوں کے ذریعہ معاش کو نقصان پہنچا رہی ہے اور سولر پینلز کو جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ دعویٰ حقائق کے برعکس ہے اور زیرِ گردش ویڈیو دراصل بلوچستان میں فرنٹیئر کور اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی مشترکہ کارروائی کی فوٹیج ہے۔ ان آپریشنز کا مقصد غیر قانونی منشیات کی کاشت کے خاتمے اور دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کو روکنا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ اس ویڈیو سے متعلق جھوٹے دعووں کی نہ تو کسی پاکستانی اور نہ ہی کسی بین الاقوامی مستند ادارے نے تصدیق کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف منظم منفی مہم بھارتی اور افغان سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ کا معمول بنتی جا رہی ہے۔
وزارت نے عوام پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے سے قبل مستند ذرائع سے تصدیق ضرور کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos