کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کی اجمیر نگری میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عسکری کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے وقت ہوٹل میں موجود امجد فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے مقتول کا تعاقب کیا۔ خطرہ محسوس ہونے پر مقتول جان بچانے کے لیے ہوٹل کی جانب بھاگا، تاہم ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی ہوٹل میں بیٹھے شخص کو بھی لگ گئی۔
ابتدائی شواہد کے مطابق ملزمان نے مقتول سے کوئی سامان نہیں لیا، جس سے واقعے کے ٹارگٹ کلنگ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos