وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی سربراہی میں جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 44 واں اجلاس ہوا، جس میں صحافی کالونی فیز 2 کے ماسٹر پلان کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، ایم پی اے بلال یامین ستی اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کالونی میں سکول، چالیس فٹ سے سو فٹ تک روڈ، کمرشل ایریا اور پارک تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ 400 ملین روپے روڈا کو دیے جاچکے ہیں۔ زمین کی خریداری کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ 5 مرلے کے 3200 پلاٹ صحافیوں کو الاٹ کیے جائیں گے اور فروری میں وزیراعلیٰ پنجاب اپنے ہاتھوں سے الاٹمنٹ لیٹر دیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت خلوص نیت سے صحافیوں کو ان کی چھت فراہم کر رہی ہے اور کسی سیاسی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے فیز 2 کے 1400 صحافی ممبران اور وزارت اطلاعات کے 635 ملازمین کے ایڈوانس جمع کرانے کی بھی تصدیق کی۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ نان ممبران کی بیلٹنگ شفاف طریقے سے مکمل ہوگی اور دیگر جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیمز کے معاملات آئندہ میٹنگ تک مؤخر کر دیے گئے ہیں۔ لاہور کی کالونی میں ایل ڈی اے کا کمرشل پلان بھی منظور کر لیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos