پشاور: چترال کے علاقے سریگال دمیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے سے ایکہیخاندان کے 9افراد جاں بحق ہو گئے۔
برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ملبے کے نیچے دب گئے تھے، ڈپٹی کمشنر چترال راؤ ہاشم کے مطابق برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر چترال کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں، حادثے میں ایک بچہ ملبے تلے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔

راؤ ہاشم نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو چترال وارڈاپ دروش کی منتقل کر دیا گیا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
لواری ٹنل اور اطراف میں بارش اور برفباری جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک پانچ انچ برف پڑ چکی ہے۔ این ایچ اے کی مشینری اپروچ روڈ پر برف ہٹانے میں مصروف ہے جبکہ تمام راستے ٹریفک کے لیے بحال ہیں، تاہم مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
وادی نیلم میں موسم ابر آلود ہے، آٹھمقام میں درجہ حرارت منفی 4، شاردہ منفی 3، کیل منفی 10 اور تاوبٹ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مزید برفباری سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زیارت، کان مہترزئی، مسلم باغ، توبہ کاکڑی اور خوجک پاس پر برفباری جاری ہے جبکہ قلات میں موسم سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی، دو انچ سے زائد برف پڑنے سے درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک گر گیا۔
مری میں برفباری کا آغاز ہو چکا ہے، پولیس اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ ہیں جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چمن، کوژک ٹاپ، چترال اور لاسپور میں شدید برفباری سے سڑکیں بند اور موبائل سگنلز متاثر ہوئے ہیں۔
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق بارش کے باعث پشاور، مردان، بنوں، خیبر اور ڈی آئی خان میں درجنوں فیڈرز ٹرپ ہو گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیاتی حکام کے مطابق 25 جنوری کو مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26 جنوری کو یہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، جس کے باعث موسم سرد اور مرطوب ہو جائے گا۔پیش گوئی کے مطابق 25 اور 26 جنوری کو بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ 26 سے 27 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں حالیہ شدید برفباری کے باعث پھنس جانے والے آئی ڈی پیز کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos