رمضان المبارک میں روزے کا دورانیہ کتنا ہوگا؟

رمضان 2026 کی متوقع تاریخ اور روزے کے اوقات سامنے آ گئے ہیں، تاہم حتمی تاریخ چاند دیکھنے کے بعد طے کی جائے گی۔ فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان 2026 کا آغاز ممکنہ طور پر 19 فروری ہوگا، جبکہ سعودی عرب میں حتمی تاریخ 29 شعبان کو طے کی جائے گی۔

پاکستان میں رمضان المبارک کے دوران روزے کا دورانیہ تقریباً 13 سے ساڑھے 13 گھنٹے کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ماہ کے آغاز میں روزے تقریباً 13 گھنٹے کے قریب ہوں گے اور مہینے کے آخر تک ساڑھے 13 گھنٹے تک پہنچ جائیں گے۔

دن کی روشنی کے اوقات، موسم اور جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے مختلف ممالک میں روزے کے اوقات میں فرق رہتا ہے۔ شمالی نصف کرہ میں رمضان کے آغاز کے وقت دن کے اوقات کم اور ماہ کے اختتام تک بتدریج طویل ہوتے ہیں، جبکہ خط استوا کے قریب والے ممالک میں دن کی روشنی کا دورانیہ زیادہ مستحکم رہتا ہے۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے بیشتر مسلم ممالک میں روزے کے آغاز میں تقریباً 12 گھنٹے کے روزے ہوں گے، جو ماہ کے آخر تک 13 گھنٹے تک بڑھ جائیں گے۔ مصر میں ماہ کے آغاز میں روزے تقریباً 12 گھنٹے اور 40 منٹ سے شروع ہوں گے اور آخر تک 13 گھنٹے تک پہنچ جائیں گے۔ خلیجی ریاستوں، لیونٹ، عراق اور شمالی افریقہ کے دیگر ممالک میں بھی روزے کے اوقات اسی پیٹرن کی پیروی کریں گے۔

یورپ کے بلند عرض بلد میں واقع ممالک جیسے برطانیہ، جرمنی اور اسکینڈینیویا میں 2026 میں مسلمان طویل روزے رکھیں گے، جو مشرق وسطیٰ کے مقابلے میں نمایاں طور پر طویل ہیں۔ شمالی امریکا میں، نیویارک میں روزے کے اوقات ساڑھے 12 گھنٹے سے شروع ہو کر ماہ کے اختتام تک تقریباً 13 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہو جائیں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔