اسلام آباد: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا ہے کہ صوبے میں سرکاری وسائل، فنڈز اور مشینری ریاست کے خلاف استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ مخصوص سیاسی طبقہ حکومتی مراعات سے فائدہ اٹھا کر عوام کی زندگیوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ عوام کے حقِ زندگی اور آزاد نقل و حرکت پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اگر سڑکیں یا ریلوے بند کی جائیں تو عوامی طاقت سے انہیں کھلوایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پاکستان تحریک انصاف کے وزرا، مشیران یا پارٹی عہدیداران کی کسی بھی غیر قانونی کارروائی کو ناکام بنایا جائے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ ہزارہ دورے کے دوران سرکاری گاڑیوں اور پٹرول کا بے دریغ استعمال کیا گیا، جس پر لاکھوں روپے خرچ ہوئے، جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی نظام ناکام ہو چکا، پولیس مکمل سیاسی دباؤ کا شکار ہے اور تمام ادارے سیاسی مداخلت کی زد میں ہیں۔
انہوں نے سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں منشیات کی اسمگلنگ سرکاری سرپرستی میں ہو رہی ہے اور وادی تیراہ آپریشن کے دوران حاصل شدہ 4.5 ارب روپے میں سے 1.5 ارب روپے ابھی تک تقسیم نہیں کیے گئے۔ اختیار ولی خان نے صوبے کے عوام سے اپیل کی کہ 28 تاریخ کو دی گئی شدت پسندی اور انتشار پر مبنی کال کو مل کر ناکام بنایا جائے اور گمراہ کن سیاست سے دور رہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos