وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہم ناحق قید اپنے قائدکی رہائی کے لیے اسٹریٹ موومنٹ کو آٹھ فروری تک عروج پر لے کے جائیں گے اور اس وقت اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
تاروجبہ نوشہرہ کے مقام پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ ہم فسطائیت کے خلاف پر امن احتجاج کر رہے ہیں، ہمارے قائد نے جو تربیت کی ہم اس پر کار بند ہیں،ایک گملا تک نہیں توڑا،پرامن ہیں اور پرامن رہیں گے، آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے اور یہ حق ہم ضرور استعمال کریں گے۔
سہیل آفرید ی نے خطاب میں کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کے دوران جو جذبہ اور جوش و خروش دیکھا،بے مثال ہے جس پر آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔آپ نے یہ جذبہ اور جنون برقرار رکھنا ہے، ہم آگے بڑھیں گے اور ان شاءاللہ آپ سب کا خواب پورا ہو گا۔
وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، یہاں تک کہ ان کی اہلیہ بشری بی بی جو غیر سیاسی ہیں، وہ بھی قید تنہائی میں ہیں۔عمران خان اور ان کی اہلیہ سے فیملی کی ملاقات تک کی اجازت نہیں جو انتہائی تشویشناک ہے اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیںجو ملاقات میں رکاوٹ بن رہے ہیں انہیں چاہیے کہ ملاقات کروا دیں ورنہ یہ عوامی ٹمپریچر اسی طرح بڑھتا رہا تو اس کی ذمہ داری ان پر ہی آئے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos