مری کے راستے پوری طرح کھل گئے۔محکمہ سیاحت مری کے مطابق شہر کی تمام سڑکیں مکمل طور پر کلئیر ہیں اور سیاحوں کی آمد پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں۔ ملک بھر سے سیاح بلاخوف و خطر مری کا رخ کر رہے ہیں اور موسم سرما کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
محکمہ سیاحت کے مطابق ٹی ڈی سی پی ریزارٹ پتریاٹہ ٹاپ جسے روف ٹاپ آف پنجاب بھی کہا جاتا ہے ان دنوں برف کی سفید چادر سے ڈھکا ہوا ہے جو سیاحوں کے لیے خاص کشش کا باعث ہے۔ پتریاٹہ چیئر لفٹ، کیبل کار اور دیگر تمام سیاحتی آپریشنز آج بروز ہفتہ معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
محکمہ سیاحت نے مزید بتایا کہ 23جنوری کو مری میں شدید برفباری کے دوران سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی ڈی سی پی کے زیر انتظام رہائشی یونٹس میں قیام مفت فراہم کیا گیا جس پر سیاحوں نے حکومتی اقدام کو سراہا۔
ریجنل منیجر پتریاٹہ چیئرلفٹ معظم نذیر نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت، سہولت اور خوشگوار قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ حکومت پنجاب اور محکمہ سیاحت کی ہدایات کے مطابق مری میں تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور سیاح بلا جھجھک مری کا رخ کریں۔ ہم ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
محکمہ سیاحت نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران ٹریفک اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہتے ہوئے اپنی سیاحت کو محفوظ اور یادگار بنائیں۔
صبح سویرے سے شدید برفباری کے بعد ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی براہِ راست نگرانی میں ہفتے کے روز مری کی تمام اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔ ضلعی انتظامیہ، ایم سی، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر آپریشن میں حصہ لیا اور قلیل وقت میں تمام سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا۔
انتظامیہ کے مطابق ہفتے کو موسم صاف رہا اور دھوپ نکلنے کے باعث برف پگھلانے کے عمل میں بھی مدد ملی جس کے نتیجے میں مری شہر اور مضافاتی علاقوں کی تمام مرکزی اور اندرونی سڑکیں مکمل طور پر کلیئر کر دی گئیں۔ مری آنے اور جانے والے تمام راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں جس کے بعد سیاح باآسانی سفر کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیاحوں کو محفوظ اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برف باری کے بعد سڑکوں کی فوری بحالی انتظامیہ کی اولین ترجیح تھی جسے بروقت اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت ممکن بنایا گیا۔انہوں نے مری آنے والے تمام سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گاڑیوں میں چین کا استعمال یقینی بنائیں اور انتظامیہ و پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد سے نہ صرف سفر محفوظ ہوگا بلکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بھی بچا جا سکے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کے مطابق،31گھنٹے برفانی طوفان کے بعد بعض مقامات پر چار سے پانچ فٹ تک برف پڑ چکی تھی۔اللہ کا شکر ہے کہ تمام ریسکیو آپریشنز مکمل ہو چکے ہیں، تمام سڑکیں کلیئر کر دی گئی ہیں اور کسی قسم کی کوئی مشکل درپیش نہیں۔ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے مری میں نظامِ زندگی مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے۔ دھوپ نکلتے ہی سیاحوں کی آمد میں واضح اضافہ ہواہے
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos