بنوں:پولیس کی بروقت کارروائیاں،دہشت گردی کے متعدد منصوبے ناکام

 

بنوں میں پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردی کے کئی بڑے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی اداروں کی مستعدی کے باعث ممکنہ بڑے سانحات سے شہر کو محفوظ رکھا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں ایک سلنڈر کے اندر نصب تقریباً 5 کلو گرام وزنی بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچا اور بارودی مواد کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مواد بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچانے کے لیے نصب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی تھانہ ڈومیل کی حدود میں عیدگاہ روڈ پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک اور ممکنہ سانحہ ٹال دیا تھا۔ پولیس کو دیوار کے ساتھ مشکوک شے کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ تلاشی کے دوران تقریباً 3 کلو گرام وزنی ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم برآمد ہوا، جسے مہارت سے ناکارہ بنا دیا گیا۔ بعد ازاں علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

دوسری جانب گزشتہ شب بنوں میں پولیس موبائل وین پر دہشت گردوں کے حملے کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ ڈومیل کی حدود میں معمول کے گشت کے دوران کمپنی روڈ کے قریب گھات لگائے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی، تاہم پولیس کی فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ پسپا ہو گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ مقابلہ تقریباً 20 منٹ تک جاری رہا۔ بعد ازاں علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دونوں دہشت گردوں کی لاشیں اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنگ آپریشن تاحال جاری ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شرپسند عناصر کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔