کراچی کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں واقع فوم کے ایک گودام میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کر لی، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں سے فائر بریگیڈ کی اضافی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث اسے تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا ہے۔ گودام میں موجود فوم اور دیگر آتش گیر مواد کے سبب آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اطلاع ملتے ہی مختلف فائر اسٹیشنز سے متعدد فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جو آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے اطراف کی عمارتوں کو بھی محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد لگایا جائے گا۔ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے موقع پر موجود ہیں اور علاقے میں حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو متاثرہ مقام کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے بعد ازاں تحقیقات کی جائیں گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos