مری میں شدیدبرفباری کا نیا سپیل شروع ہو گیا ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مری کی ہدایات پر تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں۔برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کا استعمال جاری ہے ۔ پھسلن سے بچا ئوکے لیے مختلف شاہراہوں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ یا حادثے سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے برفباری کی پیش گوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے اور مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مری کی جانب سفر کرنے والے سیاحوں کو ہدایت کی کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے سیاح انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
دریں اثنا، راولپنڈی اور اسلام آبادمیں ہلکی بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مزید بارش بھی متوقع ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos