اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے خبردار کیا ہے کہ اگر بین الاقوامی قانون کو طاقت یا وقتی مفادات کے تابع کر دیا گیا تو دنیا مزید عدم استحکام اور تنازعات کی طرف بڑھ جائے گی۔ سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی عالمی امن، انصاف اور اجتماعی سلامتی کی بنیاد ہے، مگر اس وقت اسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ یکطرفہ اقدامات نے ریاستوں کے عالمی قوانین پر اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے۔ اگر قانون کو نظرانداز کرنے کا رویہ معمول بن گیا تو تنازعات میں شدت آئے گی اور پُرامن بقائے باہمی خطرے میں پڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود بھی ایسی خلاف ورزیوں سے متاثر ہوا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ سال پاکستانی خودمختاری کی خلاف ورزی کی گئی، جبکہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے اس صورتحال میں اپنے حقِ دفاع کو ذمہ داری، تحمل اور متناسب انداز میں استعمال کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستوں کے درمیان تعلقات کی بنیاد صرف اور صرف بین الاقوامی قانون ہونا چاہیے، کیونکہ اسی کے ذریعے عالمی امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos