پنجاب کے ہر ضلع میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹر قائم ہوں گے:وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے تمام اضلاع میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد فالج کے مریضوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات ان کے اپنے اضلاع میں فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نیورالوجسٹ اور پیڈیاٹرک نیورالوجسٹ کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر ضلع میں ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کو فوری طور پر تین ماہ کی خصوصی اسٹروک مینجمنٹ تربیت دی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے فالج کے مریضوں کیلئے ٹیلی میڈیسن منصوبہ فوری طور پر شروع کرنے کا حکم بھی دیا، جس کے تحت ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز ایمرجنسی صورتحال میں ماہر نیورالوجسٹ اور کنسلٹنٹس سے فوری رابطہ کر سکیں گے۔

انہوں نے اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز کیلئے نرسز کی تربیت، اور فالج کے علاج سے متعلق عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ فالج کے علاج میں ابتدائی چند گھنٹے انتہائی اہم ہوتے ہیں اور اس حوالے سے آگاہی مہم کی قیادت وہ خود کریں گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام چلڈرن ہسپتالوں میں بھی اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کو علاج کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

خصوصی اجلاس میں پمز کے نیورالوجسٹ ڈاکٹر قاسم بشیر نے اسٹروک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 25 سال سے زائد عمر کے ہر چار میں سے ایک فرد کو زندگی میں فالج کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے فالج سے قبل، دوران اور بعد کی دیکھ بھال کیلئے آگاہی اور تربیت نہایت ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔