کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد کو قانون اور سیکیورٹی خدشات کے تحت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، وہ بدستور دی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر خالد مقبول اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں اور کسی بھی شخص کی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے بھی وفاقی وزراء مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر خالد مقبول کی سیکیورٹی واپس لینے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں وفاقی وزراء کو تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
آئی جی سندھ کے مطابق وفاقی وزراء گزشتہ شب سے اسلام آباد میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے یہ بیان دیا تھا کہ ایم کیو ایم کے متعدد رہنماؤں کی سیکیورٹی واپس لی گئی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ زیر بحث آیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos