پاکستان ریلوے کی ویگنز اور کوچز 5 ممالک کو برآمد کرنے کی تیاری

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے ویگنز اور کوچز پانچ مختلف ممالک کو برآمد کرنے جا رہا ہے، جو ملکی ریلوے کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے دسمبر کے مہینے میں 10 ارب روپے کی آمدن حاصل کی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور نظام کو مؤثر بنانے کے باعث ممکن ہوئی۔

حنیف عباسی نے کہا کہ مال بردار ٹرینوں کے نظام میں نجی شراکت داروں کو شامل کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں کنٹینرز، کوئلہ اور فاسفیٹ جیسی اشیاء کی ترسیل اب مال گاڑیوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلوے چلی، ارجنٹینا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کو ویگنز اور کوچز برآمد کرے گا۔ اس سلسلے میں رواں ہفتے ان ممالک کے سفیروں کو وزارت ریلوے میں بریفنگ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق سفیروں کو پاکستان ریلوے کی مصنوعات کے معیار سے آگاہ کیا جائے گا اور عالمی منڈی کے مقابلے میں کم قیمت پر کوچز اور ویگنز فراہم کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔