وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز حکومت نے شرکت کی۔اس موقع پر متعدد اہم انتظامی، تعلیمی، فلاحی اور ترقیاتی امور پر غور کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے آزادکشمیر میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا کی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے وزرا کے صوابدیدی فنڈز بحال کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے شہید سجاد ریشم کے بھائی کو سرکاری ملازمت کے لیے عمر کی حد میں نرمی ، باغ میں شہید ہونے والے زاہد قریشی کے ورثا کے لیے معاوضہ(مواضعات)کی منظوری بھی دی۔ دانش سکول حویلی کے قیام کے لیے خالصہ سرکار اراضی حویلی کی منظوری اور منتقلی، جیم اسٹونز سینٹر آف ایکسیلنس کے لیے آرائش(فنشنگ) کے اخراجات کی منظوری دی گئی۔
آزادکشمیر کابینہ نے ہیلتھ کیئر ہسپتال میرپور کے امور کو یکسو کرنے کے لیے وزرائے حکومت سید بازل علی نقوی، چوہدری قاسم مجید، چوہدری ارشد اور چیف سیکرٹری خوشحال خان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، جسے معاملات کو جلد یکسو کرنے کی ہدایت کی گئی۔آزادکشمیر کابینہ نے بچوں کی تعلیم کے ضیاع کو روکنے کے لیے پرائمری سطح تک ان دور افتادہ علاقوں کے تعلیمی اداروں میں، جہاں بچوں اور بچیوں کے تناسب سے علیحدہ پرائمری سکول عمارات دستیاب نہیں، سکولوں کے قیام تک پرائمری کی حد تک مخلوط تعلیمی ادارے قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔
کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی فلاح، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ، عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ اور پرعزم ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر تھیں، ہیلتھ کارڈ کے اجرا سے عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولیات تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں، توانائی کے شعبے میں اقدامات سے ریاست میں پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کابینہ کے فیصلوں پر بروقت اور موثر عملدرآمدیقینی بنایا جائے
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos