پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، شدید سردی سے نظامِ زندگی مفلوج

 

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن اور قلات سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں ہر طرف برف ہی برف نظر آ رہی ہے جبکہ پاک افغان سرحدی پٹیاں بھی سفید چادر میں ڈھک چکی ہیں۔

مری میں برفباری کے بعد سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں برف کے سفید گالوں نے تفریح کا سماں باندھ دیا۔ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے باعث متعدد شاہراہیں بند ہو گئیں، تاہم باغ اور پیر چناسی کی سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ لیپہ ویلی شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے۔ مظفرآباد سے تاوبٹ جانے والی سڑک کئی روز گزرنے کے باوجود نہ کھل سکی، جبکہ راولاکوٹ سے تولی پیر شاہراہ بھی برف کے باعث بند ہے۔

آزاد کشمیر میں برفباری کے نتیجے میں 19 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 47 کو جزوی نقصان پہنچا۔ کشمیر، خیبر پختونخوا اور پوٹھوہار کے چند علاقوں میں بارش بھی ریکارڈ کی گئی، جن میں مظفرآباد، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی، مری، منگلا اور مالم جبہ شامل ہیں۔

درجہ حرارت کی بات کی جائے تو بالائی علاقوں میں پارہ مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔ لہہ میں منفی 10، قلات اور پاراچنار میں منفی 7، گوپس، مالم جبہ اور استور میں منفی 6، نتھیا گلی اور کالام میں منفی 5 جبکہ سکردو میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں چمن، قلعہ عبداللہ اور زیارت سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں شدید سردی کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہے اور کئی مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بند سڑکیں تاحال بحال نہیں ہو سکیں، جبکہ سوات کے بالائی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ پیشگوئی کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 اور مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد حصے بند کر دیے گئے ہیں۔ کراچی میں سردی کی شدت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی کی لہر آئندہ چند دن مزید برقرار رہے گی۔ آج شہر میں دن کے وقت موسم خشک جبکہ رات میں سرد رہنے کا امکان ہے، اور درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔