پاکستان ایران کےخلاف طاقت یا پابندیوں کے حق میں نہیں،دفتر خارجہ

 

 اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے اور ایران کے خلاف کسی بھی قسم کے فوجی اقدامات یا اقتصادی پابندیوں کے حق میں نہیں۔ پاکستان امید کرتا ہے کہ خطے میں امن بحال ہوگا۔

انہوں نے بھارت اور یورپ کے درمیان تجارتی معاہدات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور یورپ کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اور تجارتی حجم 12 ارب یورو سے زیادہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ صدر زرداری نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور جاری منصوبوں کا جائزہ لینے پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

اس ہفتے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک بات چیت کی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسی دوران پاکستان اور گھانا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم ڈیووس میں عالمی سربراہان سے ملاقاتیں کیں جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات اچھے ہیں، امریکا نے بعض پہلے سے جاری ٹریول ایڈوائزریز واپس لے لی ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات معمول کے مطابق ہیں۔

قزاقستان کے صدر بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور ریلوے منصوبے اور مفاہمتی یاداشتوں کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔