اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے کو بھارت سے فنڈنگ حاصل ہوتی ہے اور یہ تنظیم جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بناتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بی ایل اے غریبوں، مزدوروں، بے روزگار افراد کو ٹارگٹ کرتی ہے اور اپنے مذموم مقاصد کے لیے خواتین اور بچوں کو بھی استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیا جائے گا۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کے سفر پر گامزن ہے، جبکہ دہشت گرد عناصر ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے بیانات میں واضح طور پر بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی ایل اے اور بی وائے سی لاپتہ افراد کے مسئلے کو محض ایک بیانیے کے طور پر استعمال کر رہی ہیں، جبکہ زیادہ تر لاپتہ افراد دہشت گرد تنظیموں کے کارندے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ ایک من گھڑت کہانی بن چکا ہے اور اب یہ عناصر کم عمر بچوں اور خواتین کو بھی اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos